معذور اور بیمار کھلاڑیوں کی علاج معالجہ کے لئے امداد کرنا خوش آئند ہے‘اصغر بلوچ

234

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق قومی اور انٹرنیشنل لیجنڈ کھلاڑی جو کافی عرصہ سے بیمار یا معذور تھے اور کسمپرسی کے سبب اپنا علاج و معالجہ کرنے سے بھی مجبور تھے ان کھلاڑیوں کو علاج معالجہ کے لئے محکمہ کھیل کی جانب سے بھاری رقوم کے چیک دینا قابل تحسین اقدام ہے اس بات کا اظہار سندھ باکسنگ ایسو سی ایشن کے سیکریٹری اصغر بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے انڈور منٹ کمیٹی کے چیئرمین سیکریٹری اسپورٹس اخترحسین بگٹی اور اراکین ڈپٹی سیکریٹری شاکرخانزادہ‘ ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز‘ سابق سیکریٹری ایس ایف اے رحیم بخش‘ سابق ہاکی اولمپیئن اصلاح الدین‘ سکھر سے تعلق رکھنے والے امداد حسین ‘ فنانس ڈپارٹمنٹ کے نمائندے اور دیگر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نے مکمل چھان بین اور اسکروٹنی کے بعد40 مستحق کھلاڑیوں کو امداد دینے کی سفارش کی جس پر فوری عمل کرتے ہوئے سیکریٹری اسپورٹس نے ایک پر وقار تقریب میں انہیں امدادی چیک تقسیم کئے۔ چیک وصول کرنے کے بعد کھلاڑیوں نے بھی اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کھیل نے ہم کھلاڑیوں کی داد رسی کی جسے ہم کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے۔
اصغر بلوچ نے سیکریٹری اسپورٹس اختر حسین بگٹی اور انڈور منٹ کمیٹی سے اپیل کی ہے کہ مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہنا چاہئے تاکہ کھلاڑیوں کو علاج و معالجہ کی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔