ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن جوکوچ کا فاتحانہ آغاز

194

 

لندن (جسارت نیوز) دفاعی چیمپئن اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ، ا سٹین واورینکا، فلورین لوپز، روبن ہاس اور اینڈرس سیپی فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے سال کے تیسرے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن مینز سنگلز دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے۔ گزشتہ روز لندن میں شروع ہونے والے میگا ٹورنامنٹ کے ابتدائی روز کھیلے گئے مینز سنگلز پہلے رائونڈ میچز میں سربین ا سٹار جوکووچ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرمن کھلاڑی فلپ کوہل شرائبر کو 6-3، 7-5 اور6-3 سے زیر کر کے دوسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی، سوئس کھلاڑی واورینکا نے روبن بیمل مانز کو 6-3، 6-2 اور 6-2 سے شکست دے کر پہلا مرحلہ عبور کیا، فلورین لوپز نے مارکس گیرون کو 6-4، 6-2 اور 6-4 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، لیونارڈو میئر نے ایرنسٹ گلبس کو سخت مقابلے کے بعد مات دے کر دوسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی، روبن ہاس نے جوزف کووالک کو شکست فاش سے دوچار کیا، کیرن خچا نووف بھی پہلی رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہے، انہوں نے کون سون وو کو زیر کیا، دیگر کھیلے گئے میچز میں ڈینس کڈلا، باٹسٹا ایگٹ، ریلی اوپیلکا، اینڈرس سیپی، جانکو ٹپساروچ، کیون اینڈرسن، سٹیو ڈارسز اور فلیکس اوگر اپنے اپنے حریفوں کو ہرا کر دوسرے رائونڈمیں داخل ہو گئے۔