ہمیں نئے پاکستا ن کی نہیں اسلامی پاکستان کی ضرورت ہے

159

لاہور (نمائندہ جسارت) منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان محمد الطاف نے کہا کہ اسلام ہی تمام مسائل کا حل ہے ہمیں نئے پاکستا ن کی نہیں اسلامی پاکستان کی ضرورت ہے جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کا ہر نوجوان اسی مقصد کی تکمیل کے لیے بغیر کسی وقفے کے گزشتہ 45 سالوں سے کام کر رہے ہیںجس کی وجہ سے اتحاد امت کو فروغ ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد پاکستان میں اسلامی انقلاب اور غلبہ اسلام کی لہر چلنے والی ہے جس کے بعد پاکستان خوشحالی کی نئی بلندیوں کو چھو لے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے نئے سیشن کے آغاز میں نو منتخب ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت کو چاہیے کہ جس نے بھی پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ان کا احتساب تک انہیں ہر قسم کی سیاست سے روک دیں، پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو قیمت چکانا ہوگی۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل جمعیت طلبہ عربیہ شمشیر شاہد نے کہا کہ جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا تب تک پاکستان کو اپنے مؤقف پر ڈٹے رہنا چاہیے اس مؤقف پر ذرا سی نرمی سے نتائج پر گہرا اثر پڑ سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی صورتحال خراب کرنے میں ملک دشمن عناصر کا ہاتھ ہے یہ ملک دشمن عناصر ایسے صورتحال پیدا کر رہے ہیں کہ جس سے کشمیر کے مسئلے سے پاکستان کی نظر ہٹ جائے ۔