بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والا فوڈ سینٹر سیل

217

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی غیر معیاری اور مضر صحت اشیا فروخت کرنے والے فوڈ سینٹرز کیخلاف کارروائیاں جاری۔ ناقص صفائی اور حفظان صحت کا خیال نہ رکھنے پر ایک فیکٹری کو سیل کردیا گیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی جام کمال خان کی ہدایت پر عوام کو محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹ مافیا و غیر معیاری اشیا تیار وفروخت کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے جناح روڈ، پشین اسٹاپ، سیٹلائٹ ٹاؤن اور سرکی روڈ میں قائم بیکری شاپس اور دیگر کھانے پینے کے مراکز کا معائنہ کیا۔ دوران معائنہ صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات اور پروڈکشن کی تیاری میں غیر معیاری و مضر صحت اجزا کے استعمال پر ایک فیکڑی کو سیل کردیا گیا جبکہ بیکری شاپس، کارخانوں اور ہوٹلوں کے مالکان و عملے کو اتھارٹی حکام کی جانب سے صفائی کی صورتحال پر خصوصی توجہ دینے اور عوام کو صحت مند و معیاری اشیاء کی فروخت کو یقینی بنانے کے لیے جرمانے کے ساتھ وارننگ نوٹسز و خصوصی ہدایت نامے جاری کیے گئے ہیں۔