رجسٹرار آفس میں لاکھوں روپے رشوت طلب کی جارہی ہے، شاہنواز میمن

167

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) قاسم آباد کے رہائشی اور اسٹیٹ ایجنسی کا کاروبار کرنے والے افراد نے سب رجسٹرار آفس قاسم آباد کے عملے کی زیادتیوں اور کرپشن کیخلا ف محمد شاہنواز میمن ، اشفاق علی تنیو،احمد علی کھوسو اور دیگر کی قیادت میں حیدر آباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ سب رجسٹرار آفس قاسم آباد میں رشوت کا بازار گرم ہے اور سب رجسٹرار آفس میں ایک نائب قاصد اکبر خاصخیلی کو شہریوں سے لین دین کا انچارج مقرر کر رکھا ہے جو کہ آفس میں آنے والے لوگوں سے مسائل معلوم کرکے اُن مسائل کے حل کے لیے بھاری رشوت کے ریٹ مقرر کر رکھے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عام پاور اور سیل ڈیڈ کے 15 سے 20 ہزار روپے سرکاری طور پر مقرر ہیں لیکن زمین کے کاغذات ایکڑ کے حساب سے رقم مقرر کرکے ایک لاکھ روپے تک وصول کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب رجسٹرار آفس قاسم آباد کے عملے کی رشوت خوری اور لوگوں کو بلا جواز آفس کے چکر لگوانے والے عملے کی زیادتیوں کے سبب شہری سخت ذہنی پریشان ہیں۔ نائب قاصد اکبر خاصخیلی کو افسران کی سرپرستی حاصل ہے جس کی بنیاد پر کھاتہ تبدیل کرانے والے شہریوں سے لاکھوں روپے رشوت طلب کی جارہی ہے۔ انہوں نے چیئرمین نیب، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سمیت حکام سے اپیل کی کہ سب رجسٹرار آفس قاسم آباد کے ملازم اکبر خاصخیلی کی کرپشن اور اس کے اثاثوں کی انکوائری کرا کر شہریوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔