موجودہ حکومت صرف اپنے مخالفین کو کچلنا چاہتی ہے، سید حیدر شاہ

214

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کی قیادت کیخلاف مقدمات درج کیے جانے اور انہیں گرفتار کرنے کیخلاف پیپلز یوتھ آرگنائزیشن حیدر آباد کی جانب سے گل سینٹر سے حیدر آباد پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں پیپلز یوتھ کے کارکنوں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سید حیدر شاہ، حسن جتوئی، جی ایم برڑو اور دیگر نے کہاکہ سلیکٹڈ وزیراعظم ملک کو تباہی کے کنارے پر لے جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کیخلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے، نیب جیسے ادارے کو اس کام کے لیے استعمال کیا جارہا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت صرف اپنے مخالفین کو کچلنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے ایک سال کے اندر ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے۔ پیٹرول، ڈیزل اور عام استعمال کی اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، جس کی وجہ سے غریب عوام بھوک اور بدحالی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال رہی تو ملک میں غربت اور افلاس کی وجہ سے خانہ جنگی شروع ہوجائے گی۔