ٹنڈوالہٰیار پولیس کے ہاتھوں گرفتار ٹیکسی ڈرائیور کو ظاہر نہیں کیا گیا

163

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ٹنڈوالہٰیار پولیس کے ہاتھوں مبینہ طور پر گرفتار قاسم آباد کے رہائشی ٹیکسی ڈرائیور کو تاحا ل ظاہر نہیں کیا گیا ہے جبکہ بھٹائی نگر تھانے کی پولیس کی جانب سے گھر پر چڑھائی کرکے لوٹ مار کرنے پر مبینہ گرفتار ٹیکسی ڈرائیور کی بیوی مسمات سیما کھوسو اپنے معصوم بچوں اور سسر عبدالغنی کھوسو انصاف کے لیے حیدر آباد پریس کلب پہنچ گئی، جہاں انہوں نے احتجاج اور بعد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ٹنڈوالہٰیار کے اے اور بی سیکشن تھانوں کی پولیس نے میرے شوہر غلام ربانی کو چار روز قبل راستے میں سے گرفتار کرکے لاپتا کردیا ہے اور مسلسل چار روز سے شوہر کی تلاش کے باوجود ٹنڈوالہٰیار سمیت حیدرآباد پولیس شوہر کی گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کررہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ شوہر کی ٹنڈوالہٰیار پولیس کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد حیدر آباد کے بھٹائی نگر تھانہ پولیس کی بھاری نفری نے ہمارے گھر پر چڑھائی کرکے گھر میں تلاشی کے بہانے گھر میں موجود ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی، دو ٹی وی، ایک اے سی، موٹر سائیکل اور کار سمیت تین تولہ طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر اپنے ساتھ لے گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس ہمارے گھر میں بغیر لیڈی پولیس کے داخل ہوئی اور ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ پولیس میرے شوہر کو جھوٹے کیسوں میں ملوث کرکے جعلی مقابلے میں نقصان پہنچا سکتی ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدر آباد اور دیگر پولیس افسران سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر میرے شوہر کو رہا کرکے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔