آصف زرداری کو جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا گیا، عبدالجبار خان

208

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کو ایک اور مقدمے میں گرفتار کیے جانے کو سیاسی انتقامی کارروائی کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نیب اور دیگر اداروں کو اپنے ذاتی مفادات کے لیے استعمال کررہی ہے۔ آصف زرداری کو جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا گیا اور اب ان پر ماضی کے مقدمات کے حوالے سے گرفتاریاں ظاہر کی جارہی ہیں جس سے پی ٹی آئی کی حکومت کی ذہنی پستگی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے کبھی اپنے دور میں انتقام کی سیاست نہیں کی اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ سیاست میں رواداری اور برداشت ہی سب سے اہم کام ہے لیکن یہ حکومت جو ہر سطح پر ناکام ہوگئی ہے اور اس نے غریب عوام کا جینادوبھر کیا ہوا ہے اپنی نااہلی کو چھپانے کیلئے جھوٹے مقدمات میں سیاسی قائدین کو ملوث کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو اس سے ملک کی ساکھ بھی خراب ہوگی اور عوام میں بے چینی اور اضطراب بھی پھیلے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل بھی آصف زرداری برسوں جھوٹے مقدمات کا سامنا کرتے ر ہے اور بالآخر تمام مقدمات میں باعزت بری ہوئے اور اب پھر وہی روش اختیار کی جارہی ہے۔ پیپلزپارٹی جیو اور جینے دو کی پالیسی پر گامزن ہے یہ کسی کو حق نہیں کہ سیاسی قائدین کو انتقامی سیاست کا نشانہ بنایا جائے۔