مختلف محکموں میں 363 فوتگی کوٹے پر بھرتیوں کی منظوری

269

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت مرحوم ملازمین کے کوٹے پر بھرتیوں کے متعلق اہم اجلاس سندھ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف محکموں میں 363 فوتی کوٹے پر بھرتیوں کی منظوری دی گئی‘ڈس ایبلڈ کوٹہ پر بھی قانون کے مطابق عمل کیا جائے۔ اجلاس میں محکمہ اسکول ایجوکیشن میں 98، صحت میں 52 اور پولیس میں 43 محکمہ زراعت میں 20، آبپاشی میں 61، کوآپریٹو میں 10 اور بلدیات میں 39، پاپولیشن میں 9، ایس اینڈ جی ڈی میں 9، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں 9 فوتی کوٹے پر بھرتیوں سمیت دیگر محکموں میں 363 بھرتیوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے کہا کہ محکموں میں فوتگی کوٹے کے بہت مقدمات مختلف اضلاع میں ڈسٹرکٹ رکروٹمنٹ کمیٹی کے اجلاس نا ہونے کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہیں۔ چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے تمام ڈپٹی کمشنر کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ بھرتیوں کے عمل کو شفاف اور مزید تیز کیا جائے اور ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ کمیٹیز کے اجلاس جلد بلائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ رکروٹمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیف سیکرٹری سندھ نے مزید کہا کے فوتی کوٹے کے ساتھ ڈس ایبلڈ کوٹہ پر بھی قانون کے مطابق عمل کیا جائے اور5 فیصد ڈس ایبلڈ کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔