کویت نے سندھ کے توانائی منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کردی

145

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سندھ کے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ سے کویت کے قونصل جنرل محمد الخالدی نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔اس موقع پر کویتی بزنس مین ڈاکٹر احمد ادریس اور سیکرٹری توانائی سندھ مصدق احمد خان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر توانائی سندھ نے کویتی قونصل جنرل کو صوبے سندھ میں توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا اور کہا کہ سندھ حکومت،شمسی توانائی، ہوا سے بجلی بنانے اور کچرے سے بجلی اور گیس بنانے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ کویتی قونصل جنرل نے سولر انرجی،ونڈ انرجی اور سالڈ ویسٹ سے انرجی کے منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے کویت انویسٹمنٹ فنڈ اور کویت بورڈ آف انویسٹمنٹ ، سندھ حکومت کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور اس سلسلے میں سندھ حکومت کے ساتھ پیش قدمی چاہتے ہیں۔ کویتی قونصل جنرل کی پیش کش کو سراہتے ہوئے متیاز احمد شیخ نے کہا کہ اس سلسلے میں پیش رفت کے لیے سندھ کابینہ سے منظوری کے بعد مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرکے کام کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔کویتی قونصل جنرل نے وزیر توانائی سندھ سے مکمل اتفاق کا اظہار کیا۔