ایسٹیوٹا مین نا انصافی کا راج ، جونیر استاد کو اضافی جارج تفویض

267

 

کراچی(رپورٹ:حماد حسین)سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشنل ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کا انوکھا کارنامہ۔ سینئر اساتذہ کے ہوتے ہوئے جونیئرترین استاد کو پرنسپل کا اضافی چارج دے دیاگیا۔ذرائع کے مطابق سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشنل ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کی جانب سے لیٹر نمبر STEVTA/ADMN/(S-II)/PF/157 جاری کیا گیا۔جس کے مطابق قاضی ظہیر الحسن پرنسپل گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی سائٹ کی ریٹائرمنٹ کے باعث ،گریڈ19کے جونیئرافسرانجینئر غلام رسول ماکا کو وائس پرنسپل گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی سائٹ کے روزمرہ کے معاملات چلانے کے لیے پرنسپل کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی سائٹ کے پرنسپل کی سیٹ گریڈ 20کی متقاضی ہے۔اور اس وقت گریڈ20میں پروفیسر انجینئر اورنگزیب عزیز جبکہ گریڈ 19میں چودھری خالد ستار،تصدق شہاب،سلیم پرویز، ابرار الحق اور غلام رسول راجپوت جیسے سینئر افسران شامل ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سابق پرنسپل نے وائس پرنسپل (صبح) چودھری خالد ستار کا نام بطور پرنسپل تجویز کیا تھا جس کی ریجنل ڈائریکٹر کراچی ریجن مصطفی کمال نے 10اپریل 2019کو توثیق کی تھی۔ تاہم پھربھی جونیئر افسر کو پرنسپل مقرر کیاگیا جو کہ سمجھ سے بالا ہے۔واضح رہے کہ اس ماہ کے آخر میں نئے سیشن کے داخلوں کا بھی آغاز ہونے کا امکان ہے۔ سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشنل پروفیسرز ٹیچرز ایسوسی ایشن کراچی ریجن کے صدر شاہد علی خا ن کا کہنا تھا کہ سینئرزکی موجودگی میں جونیئر کا تقرر سراسر ناانصافی ہے ۔انہوںنے مذکورہ فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تقرر کا حکم فوری واپس لیا جائے۔انہوں نے اجلاس میں آوازبلند کرنے کاعزم کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہر کسی کو اس کا حق ملے۔