میٹرک جنرل گروپ برائے 2019ء کے نتائج کا اعلان

633

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعیدالدین نے میٹرک جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2019ء کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کی جانب سے دی گئی تاریخ میں بورڈ کے عملے نے نتائج کو مقررہ وقت پر دینے کیلیے دن رات کام کیا ہے، امتحانی نتائج کو شفاف اور بروقت اجرا کرنا ہمارا فرض ہے۔ نتائج کے مطابق جنرل گروپ ریگولر میں البدر گرلز ہائر سیکنڈری اسکول جمشید روڈ کی ربیعہ ولد محمد شعیب نے 90.3 فیصد نمبر لے کر پہلی پوزیشن، اقرا حفاظ گرلز سیکنڈری اسکول نارتھ ناظم آبادکی افرا ولد عابد رزاق نے 90.2 فیصد نمبر لے کر دوسری، جبکہ البدر گرلز ہائر سیکنڈری اسکول جمشید روڈ کی طیبہ ولد محمد علی نے 89.4 فیصد نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تفصیلات کے مطابق جنرل گروپ ریگولر میں 14128 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے، 13282 امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کی، جن میں 3755 لڑکے اور 10373 لڑکیاں شامل ہیں، جبکہ 846 امیدوار غیر حاضر رہے۔ تمام پرچوں میں کامیاب امیدواروں کی تعداد 8871 رہی، جن میں طلبا کی تعداد 1867 اور طالبات کی 8871 رہی۔ کامیابی کا تناسب 66.79 فیصد رہا۔ کامیاب امیدواروں میں 210 اے ون گریڈ، 1041 اے گریڈ، 2086 بی گریڈ، 3185 سی گریڈ، 2165 ڈی گریڈ، 184 نے ای گریڈ حاصل کیا۔ اسی طرح پرائیویٹ جنرل گروپ میں 8930 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے، 7186 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے، جن میں 6780 لڑکے اور 2150 لڑکیاں شامل ہیں، جبکہ 1744 امیدوار غیر حاضر رہے۔ تمام پرچوں میں کامیاب امیدواروں کی تعداد 4286 رہی، جن میں طلبا کی تعداد 2995 اور طالبات 1023 رہی۔ پرائیویٹ گروپ میں کامیابی کا تناسب 59.64 فیصدر رہا۔ کامیاب امیدواروں میں 15 اے ون گریڈ، 151 اے گریڈ، 784 بی گریڈ، 1661سی گریڈ، 1299 ڈی گریڈ اور 108 نے ای گریڈ حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر اور ایس ایم ایس سروس 8583 پر بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ طلبا و طالبات کو سہولت فراہم کرنے کیلیے آن لائن سروس eDMC.pk کے ذریعے طلبہ و طالبات اپنا مکمل رزلٹ جاز کیش ایزی پیسہ دے کر دیکھ سکتے ہیں۔