شہر میں پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے، کراچی عوامی مارچ

194

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے تحت اتوار کو سہراب گوٹھ تا مزار قائد منعقدہ کراچی عوامی مارچ میں منظور ہونے والی قرارداد میں مطالبہ کیا گیاہے کہ پانی کی مسلسل فراہمی کے لیے کے فورمنصوبہ فوری شروع کیا جائے اور ٹینکر مافیا سے نجات دلا کر کراچی کے تمام علاقوں میں پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔ بجلی کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور کے الیکٹرک مافیا کو کنٹرول اور اووربلنگ کا خاتمہ کیا جائے۔ کراچی سے کچرے کی صفائی کے لیے ہنگامی بنیاد پر انتظامات کیے جائیں اور بلدیاتی اداروں کی نا اہلی دور کی جائے۔ کراچی کی سڑکوں کی تعمیر نو کی جائے اور اس کام کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے جائیں۔ کراچی میں کم از کم ایک ہزار بسوں پر مشتمل بسوں کا فلیٹ فوری چلایا جائے۔ گرین بس منصوبہ فوری مکمل کیا جائے۔ سر کلر ٹرین کا منصوبہ فوری شروع کیا جائے تا کہ ٹرانسپورٹ کے مسائل کو کم کیا جا سکے۔ کراچی کے نوجوانوں کو روز گار کی فراہمی کے لیے کم از کم ایک لاکھ ملازمتوں کا اعلان کیا جائے۔ کراچی کے عوام اور تاجروں پر سے ظالمانہ ٹیکس واپس لیا جائے اور ایف بی آر کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے نجات دلائی جائے۔ شہر میں بڑے ٹرالروں کا داخلہ بند کیا جائے۔ پاکستان اسٹیل کے ریٹائرڈ ملازمین کے تمام واجبات فوری طور پر ادا کیے جائیں۔