کابل میں وزارت دفاع کے قریب دھماکہ 16 ہلاک 100 زخمی

582
کابل: وزارت داخلہ کی عمارت کے باہر حملے کے بعد تباہی پھیلی ہوئی ہے
کابل: وزارت داخلہ کی عمارت کے باہر حملے کے بعد تباہی پھیلی ہوئی ہے

کابل،اسلام آ باد(مانیٹرنگ ڈیسک+اے پی پی) کابل میں وزارت دفاع کی عمارت کے قریب دھماکا‘ 16 افراد ہلاک ، 100زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں وزارت دفاع کے دفتر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک جبکہ 100 زخمی ہوگئے۔وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی کے مطابق خطرناک دھماکے کے بعد اسلحے سے لیس3 افراد نے عمارت میں گھسنے کی کوشش بھی کی جنہیں افغان سیکورٹی فورسز نے روکا اور ان کے درمیان دوطرفہ فائرنگ کا بھی تبادلہ ہوا، جس کے بعد تینوں حملہ آ ور مارے گئے ۔ترجمان وزارت صحت وحید اللہ کا کہنا ہے کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد سول سروس کمیشن کے ملازمین تھے جبکہ 100 زخمیوں میں 9 بچے بھی شامل ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز اتنی شدید تھی کہ علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور ہر طرف دھواں ہی دھواں نظر آرہا تھا ۔افغان فٹ بال فیڈریشن کے ترجمان شافی شاداب نے بتایا کہ دھماکے میں فٹ بال فیڈریشن کے چیف یوسف کارگار بھی زخمی ہوئے جب کہ جس مقام پر دھماکا ہوا وہاں وزارت دفاع کے علاوہ سرکاری دفاتر اور افغان فٹ بال فیڈریشن کی عمارت بھی ہے۔دوسری جانب طالبان نے حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حملے سے عام شہریوں کو زیادہ نقصان نہیں ہوا۔علاوہ ازیںپاکستان نے کابل میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔دفتر خارجہ کے اعلامیے کے مطابق پاکستان دہشت گردی کی تمام اقسام کی شدید مذمت کرتا ہے، دہشت گردی میں متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں ،ایسے حملے افغانستان کے امن، استحکام اور سلامتی کو تباہ کرنے کی سازش ہیں۔