توشہ کیس نیب کو نوازشریف سے جیل میں تفتیش کی اجازت

247

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب کو توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی ہے،نیب کی تفتیشی ٹیم جیل میں سابق وزیر اعظم کا بیان ریکارڈ کرے گی۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے توشہ خانہ کیس میں جیل میں تفتیش کرنے کے حوالے سے نیب کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ 3 گاڑیاں سابق صدر مملکت آصف علی زرداری جب کہ ایک گاڑی نواز شریف کے استعمال میں ہے،یہ گاڑیاں اس وقت کے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے فراہم کی تھیں۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھاکہ صرف تحفے میں ملنے والی4 لاکھ تک مالیت کی اشیاء اپنے پاس رکھی جا سکتی ہیں۔نیب کے تفتیشی افسر نے تفصیلات بتائیں کہ1997 ء میں سعودی عرب نے بلٹ پروف مرسیڈیز گاڑی اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو تحفے میں دی،سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے 2008 ء میں یہ گاڑی نواز شریف کو6 لاکھ روپے میں دے دی، نواز شریف کو مثال بناتے ہوئے یوسف رضاگیلانی نے 3 بلٹ پروف گاڑیاں آصف زرداری کو دے دیں۔جج محمد ارشد ملک نے تفتیشی افسر سے کہا کہ آپ کا مطلب ہے انہوں نے گاڑیاں آپس میں بانٹ لیں۔ نیب تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ جی بالکل، ایک گاڑی نوازشریف کو دے دی اور 3 گاڑیاں آصف زرداری کو دے دی گئیں۔جج محمد ارشدملک نے کہا کہ اگر نوازشریف اور آصف زرداری یہ گاڑیاں واپس کردیتے ہیں تو پھر کیا ہوگا؟۔نیب تفتیشی افسر نے کہا کہ یہ تو پلی بارگین ہوگا، جو آپ کی اجازت سے ہی ہوگا۔جج محمد ارشد ملک نے کہا کہ آپ ان سے اب تک تو کوئی چیز واپس لے نہیں سکے،ہم سے اجازت لے جاتے ہیں۔عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے جیل میں نواز شریف سے تفتیش کی اجازت دے دی ۔ نیب کی ٹیم نواز شریف سے جیل میں کیس کے حوالے سے بیان ریکارڈ کرے گی۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نیب راولپنڈی میں پیش ہو کر اس کیس میں اپنا بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں۔