پلی بارگین ہوسکتی ہے،نواز زرداری پیسے دے کر باہر جاسکتے ہیں،وزیراعظم

503
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان انسداد اسمگلنگ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان انسداد اسمگلنگ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد( نمائندہ جسارت)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ این آر او نہیں، پلی بارگین ہو سکتی ہے، نواز شریف اور زرداری قوم کا لوٹا پیسہ واپس کردیں اور باہر چلے جائیں۔پیر کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فوج حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، ماضی کے تمام حکمران منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں،شریف خاندان نے این آر او کے لیے 2ممالک کو پیغام بھجوائے،کرپشن کرنے والوں سے عام قیدیوں جیسا سلوک ہونا چاہیے،پاکستان میں جیل بنانا شروع کردیں تو گروتھ ریٹ بڑھ جائے گا،اپوزیشن نے جو جو باتیں کی ان کو شرم سے ڈوب جانا چاہیے،کسی کوچھانگا مانگا جیسی سہولتیں نہیں دی ہیں،ہم چیئرمین سینیٹ کی مکمل سپورٹ کریں گے۔عمران خان نے کہاکہ معیشت درست سمت کی طرف گامزن ہے،عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ 3جولائی کو میٹنگ ہے جس کے بعد افراتفری ختم ہوجائے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کے بے نامی اثاثے آج سے ضبط ہونا شروع ہوجائیں گے۔انہوں نے خبردار کیا کہ شہری 3جولائی تک اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم سے فائدہ اٹھا لیں اس کے بعد کوئی توسیع نہیں ہوگی ،کارروائی کریں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ 5500ارب روپے کا ٹیکس حاصل کر کے دکھائیں گے، 50لاکھ مکان بنا نے کا ہدف بھی پورا کریں گے ، ہائوسنگ اسکیم تیار کرنے میں وقت لگا، اگلے ہفتے افتتاح کریں گے ۔ ان کے بقول ہماری نئی پالیسی سے پاکستان میں 1960ء کے بعد انڈسٹری تیزی سے آگے بڑھے گی۔عمران خان نے یہ بھی کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا سوچا اور نہ ہی یہ ایسا سوچنے کا وقت ہے ،، کوئی سلیکٹڈ کہے ،مجھے اس پر کوئی فرق نہیں پڑتا ،امریکی دورے میں اپنے سفارتخانے میں رہوں گا، قوم کا پیسہ بچاوں گا۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی جس میں ملکی سلامتی اورپیشہ وارانہ امور سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں سعودی عرب کے معروف سامبافنانشل گروپ کے وفد نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی ۔جس میں کاروباری سرگرمیوں کووسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔