نواز شریف کیخلاف بھی جعلی اکاؤنٹس سے رقم منتقلی کی تحقیقات شروع

246

لاہور (نمائندہ جسارت) شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت، نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف بھی جعلی اکائونٹس کے ذریعے ٹرانزیکشنز کی تفتیش شروع کردی۔ شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا۔ نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے اکائونٹس میں بھی جعلی اکائونٹس کے ذریعے رقم منتقل کی گئی جس پر اسٹیٹ بینک اور دیگر متعلقہ اداروں سے ان کے بینک اکاؤنٹس میں ہونے والی ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے۔ اسی کیس میں نیب نے حمزہ شہباز کو گرفتار کر رکھا ہے جبکہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو بھی 5 جولائی کو طلب کر رکھا ہے۔