راولپنڈی سوا کروڑ روپے کی جعلی زرعی ادویات قبضے میں لے لی گئیں،ترجمان

330

راولپنڈی (اے پی پی) پنجاب بھر میں جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویات اور کھادوں کی تیاری و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف جاری مہم کے دوران پنجاب بھر میں 2019ء کے دوران 112 مقامات پر چھاپے مارے گئے ،18 ہزار 961کلو گرام /لیٹر جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویات قبضہ میں لے کر 112 ایف آئی آرزکے اندراج کے بعد 58 افراد کو گرفتار کیا گیا، قبضہ میں لی گئی ان جعلی زرعی ادویات کی کل مالیت کا تخمینہ 1کروڑ 25 لاکھ 1 ہزار 949 روپے ہے۔زرعی ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ زرعی ٹاسک فورس کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویات اور کھادوں کی تیاری و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف جاری مہم کے دوران جولائی 2018ء سے اب تک 166 مقامات پر چھاپے، 544 ایف آئی آرز کا اندراج اور 133 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی جاچکی ہے اور اس عمل میں مزید تیزی لائی جارہی ہے۔ محکمے کی طرف سے کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کو بے نقاب کرنے اور کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے حکومت کا ساتھ دیںاور جہاں پر کسی کو ایسی سرگرمی نظر آئے تو ایڈیشنل سیکرٹری زرعی ٹاسک فورس محکمہ زراعت پنجاب کے فون نمبر 0300-2955539پر فوراََ SMSیا واٹس ایپ کریں۔ اس اطلاع پر 24گھنٹے کے اندر کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ محکمہ کی طرف سے شعبہ توسیع و پیسٹ وارننگ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام ڈیلروں کو پابند کریں کہ وہ مذکورہ شکایت نمبر اپنی دکان یا فروخت کی جگہ پر نمایاں کر کے آویزاں کریں تاکہ کسی شکایت کی صورت میں کاشتکار مطلوبہ نمبر پر فوری رابطہ کرسکیں۔ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) راولپنڈی ڈویژن سجاد حیدر نے کہاکہ جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویات و کھاد وں کا کاروبارکرنے والے افراد کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ زرعی ادویات و کھادوں کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے اور اس حوالے سے کھاد سٹوروںا پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقے میں غیر معیاری اور مقررہ قیمت سے زائد زرعی ادویات اور کھاد فروخت کرنے والوں کے بارے میں اس فون نمبر 0300-2955539 پر اطلاع دے سکتے ہیں۔