انگلینڈنے بھارت کو 31رنز سے ہرادیا،پاکستان کیلیے مشکلات

511
برمنگھم : بھارتی وکٹ کیپر دھونی کے ہاتھوں انگلش بلے باز اسٹمپ آئوٹ ہوتے ہوئے
برمنگھم : بھارتی وکٹ کیپر دھونی کے ہاتھوں انگلش بلے باز اسٹمپ آئوٹ ہوتے ہوئے

برمنگھم(جسارت نیوز) کرکٹ ورلڈکپ کے 38 ویں میچ میں میزبان انگلینڈ نے بھارت کو 31 رنز سے شکست دے دی۔انگلینڈ کے 338 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان ہر 306 رنز بناسکی۔برمنگھم کے ایجبیسٹن گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو جیسن روئے اور جونی بیرسٹو نے اننگز کا دھواں دھار آغاز کیا۔دونوں اوپنرز نے ابتدا سے ہی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ پر 160 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔جیسن روئے 66 رنز بنا کرکلدیپ یادیو کا شکار بنے جس کے بعد 205 کے مجموعے پر جونی بیرسٹو بھی 111 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئے، 109 گیندوں پر مشتمل اننگز میں بیرسٹو 6 چھکے اور 10 چوکے لگائے۔کپتان اوئن مورگن کے آؤٹ ہونے کے بعد جوئے روٹ اور اسٹوکس نے شاندار کھیل پیش کیا جس کی بدولت انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے۔ میزبان انگلینڈ کی جانب سے جونی بیرسٹو 111، بین اسٹوکس 79 اور جیسن روئے 66 رنز بناکر نمایاں رہے۔بھارت کے محمد شامی نے 5، بھمرا اور کلدیپ یادیو نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔دوسری طرف انگلینڈ کی فتح سے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے اب پاکستان کا مقابلہ بنگلادیش کے ساتھ ہے جس میں پاکستان کو لازمی فتح حاصل کرنا ہوگی جب کہ انگلینڈ کا مقابلہ نیوزی لینڈ کے ساتھ ہے جس میں انگلش ٹیم کی ناکامی پاکستان کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں مدد دے سکتی ہے۔