بابراعظم عاجز رہا تو کیریئر میں بہت آگے جائیگا،گرانٹ فلاور

392

برمنگھم (جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے کہا ہے کہ بابراعظم کے پاس ویرات کوہلی جیسا بننے کیلیے سب کچھ موجود ہے اور ان کا مستقبل خوب روشن ہے، گرانٹ فلاور نے کہا کہ اس میں ویرات کوہلی جیسی بھوک ہے، میں سمجھتا ہوں کہ مستقبل میں وہ اس جیسا ہی ہو گا۔ بابر میں بھوک ہے تو اگر آپ کوہلی کی طرح کی سخت پریکٹس کریں اور آپ میں صلاحیت بھی موجود ہو تو میں نہیں سمجھتا کہ مستقبل میں آپ ٹاپ پر کیوں نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بابراعظم ایک اسپیشل ٹیلنٹ ہے اور وہ دنیا کے چند بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہو گا جسے پاکستان نے متعارف کرایا۔ گرانٹ فلاور نے کہا کہ وہ بہت ہی خاص ہے اور میرے خیال سے وہ پاکستان کی جانب سے متعارف کرایا جانے والے چند بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہو گا۔اس میں بھوک ہے، فٹ ہے اور اب بھی نوجوان ہے۔ اگر وہ عاجزی کا مظاہرہ کرتا رہے تو اس کا کیرئیر بہترین رہے گا اور میرے خیال سے وہ ایسا ہی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اعتماد کے حوالے سے دیکھا جائے تو نیوزی لینڈ کیخلاف سنچری بابراعظم کے کیرئیر کی بہترین سنچری تھی۔ میں نے اسے فلیٹ وکٹوں پر سنچریاں بناتے دیکھا ہے مگر یہ وکٹ بہت ہی مشکل تھی۔ یہاں گیند سوئنگ ہو رہا تھا، فرگوسن کا تیز رفتاری سے بالنگ کر رہا تھا اور ٹورنامنٹ کی صورتحال کے باعث کھلاڑیوں پر کافی دبابھی تھا۔