مزدور برادری جمہوریت کے لیے کام کرے

247

پاکستان کا محنت کش طبقہ سیاسی انتقام کی کارروائیوں کی آڑ میں جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی سازشوں کے خلاف اور آئین پاکستان کے تحفظ کے لیے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں چلائی جانے والی ہر تحریک میں ہر اوّ ل دستہ کا کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے سندھ ایگزیکٹو کمیٹی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس سے صوبائی جنرل سیکرٹری سیّد فیاض علی شاہ،انفارمیشن سیکرٹری سلیم سومرو، سینئر نائب صدرلعل بخش کلہوڑو،سیّد قطب علی شاہ،لیاقت علی خان مگسی،کراچی ڈویژن کے صدرمحمد اسلم سمّوںاور جنرل سیکرٹری حسین بادشاہ نے بھی خطاب کیا۔حبیب الدین جنیدی نے کہاکہ موجودہ وفاقی حکومت نے زمامِ اقتدار سنبھالتے ہی سیاسی مخالفین کے خلاف زبردست
انتقامی کارروائیوں کا آغاز کردیا جبکہ دوسری جانب ملک کے عوام پر مہنگائی کے ایٹم بم برسائے اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بجٹ تجاویز پیش کرکے انہوں نے سیاسی اور معاشی میدان میں اپنی نااہلی پر مہرِتصدیق بھی ثبت کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ویمن ونگ کی پریذیڈنٹ محترمہ فریال تالپور پر بے بنیاد مقدمات قائم اور انہیں گرفتار کرکے موجودہ حکومت نے اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کرنے کی کوشش کی ہے لیکن حقائق عوام پر عیاں ہیں۔حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکنان مصائب اور آزمائشوں سے گھبرانے والے نہیں اور پاکستان کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ انہوں نے جمہوریت کی بحالی اور وفاق کے استحکام کے لیے اپنے خون کا نذرانہ بھی پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز لیبر بیورو مہنگائی ،بیروزگاری ،عوام دشمن وفاقی بجٹ ،سیاسی انتقام کی کارروائیوںکے خلاف اور اٹھارویں آئینی ترمیم کے تحفظ کے لیے پی پی پی کے شانہ بشانہ جدوجہد میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لے گا۔جنرل سیکرٹری سیّد فیاض علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مزدور طبقہ پی پی پی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ہم پارٹی کی ہر کال پر لبیک
کہیں گے۔ انفارمیشن سیکرٹری سلیم سومرو، لعل بخش کلہوڑو، سیّد قطب علی شاہ، لیاقت علی خان مگسی، محمد اسلم سمّوں اور حسین بادشاہ نے اپنی تقاریر میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر بنائے گئے جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات قائم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اُن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے مطابق 21جون کو مسلم دنیا کی پہلی منتخب وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر کراچی،حیدرآباد،میر پور خاص،نواب شاہ،خیرپور میرس ،سکھر اور لاڑکانہ میں پیپلز لیبر بیورو کے زیر اہتمام سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے جبکہ پی پی پی کراچی ڈویژن کی جانب سے اعلان کردہ 23جون کو نکالی جانے والی ریلی میںبھرپور شرکت اور اس ضمن میں موبائلائیزیشن اجلاس منعقد اور کیمپ بھی قائم کیا جائے گا۔