سلیکٹڈ حکومت معیشت کو مہنگائی کے زریعے چلانا چاہتی ہے،پیپلزپارٹی

237

اسلام آباد (صباح نیوز)پیپلز پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی چیئر مین بلاول زرداری حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف میدان میں نکل چکے ہیں، سیلیکٹڈ حکومت معیشت کو مہنگائی کے ذریعے چلانا چاہتی ہے ، عوام کو حکومت کے خلاف منظم کر رہے ہیں حکومت کی معاشی پالیسیاں ملک کو انتشار کی طرف دھکیل رہی ہیں۔ اتوار کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سیلیکٹڈ حکومت معیشت کو مہنگائی کے ذریعے چلانا چاہتی ہے۔ ہر روز بجلی،گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے۔ مہنگائی کا جن بے قابو اور حکومت ناکام ہو چکی ہے۔ ثابت ہو چکا ہے کہ حکومت کی کوئی معاشی پالیسی نہیں ہے۔ عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈال کر خسارہ پورا کرنا ہی حکومت کی پہلی اور آخری پالیسی ہے۔ کہاں ہیں وہ کنٹینر والے جو کہتے تھے کہ مہنگائی ہو تو سمجھو کہ حکمران چور ہیں۔لوگ تنگ آچکے ہیں، سڑکوں پر نکلے تو حکمران ٹک نہیں پائیں گے۔پارٹی چیئرمین بلاول زرداری حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف میدان میں نکلیں ہیں، بلاول عوام کو حکومت کے خلاف منظم کر رہے ہیں،حکومت کی
معاشی پالیسیاں ملک کو انتشار کی طرف دھکیل رہی ہیں، پیپلز پارٹی ملک کو انتشار سے بچانے کے لیے رابطہ عوام مہم شروع کر چکی ہے ۔ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیر بخاری نے بھی گیس بجلی قیمتوں میں اضافہ پر کہا ہے کہ نالائق نااہل ناسمجھ حکمرانوں کی پہلی اور آخری ترجیح لوگوں کی تکالیف بڑھانا ہے۔سلیکٹڈ حکمرانوں نے عوام الناس کے لیے جیب کتروں کا روپ دھار لیا ہے ۔عمران خان حکومت وزرا کی فوج ظفر موج اور مشیران و معاونین کا بوجھ عوام پر ڈال پر رہی ہے۔ گیس بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے اشیا ضروریہ لوگوں سے چھینی جا رہی ہیں۔ملک پر مہنگائی خود کش بمبار مسلط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف میدان عمل میں ہیں، آئینی انسانی معاشی عوامی حقوق پر ڈاکا ڈالنے کے خلاف آواز بلند کرنا ہی عوامی حق نمایندگی ہے۔ عوام دشمن حکمران کی آبپارہ راجا بازار موچی دروازہ کی آواز خلق پر توجہ نہیں ہے ،انتشاری اور خلفشاری گروہ عوام الناس پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔