ایماندار افراد ایماندار معاشرے کی قیادت ہوتے ہیں، نیب

645

اسلام آباد(آن لائن)قومی احتساب بیورو (نیب)نے چنار باغ کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی میں دھوکا دہی کا شکار ہونے والے افراد سے کہا ہے کہ وہ 7اگست تک اپنے معاوضے کے دعوے دائر کر دیں۔ نیب لاہور بیورو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چنار باغ ہائوسنگ سوسائٹی لاہور کے ڈویلپر، سوسائٹی کے اعلیٰ حکام اور دیگر کے خلاف عوام کو سوسائٹی میں پلاٹ دینے کے جھوٹے وعدوں پر پیسے بٹورنے کے خلاف تحقیقات ہو رہی ہیں اس لیے تمام متاثرہ لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ 7اگست تک اپنے دعوے دستاویزی ثبوت کے ساتھ مہیا کریں۔علاوہ ازیںقومی احتساب بیورو (نیب) نے بدعنوانی کے خلاف جنگ کے لیے نوجوانوں کو تیار کرنے کی غرض سے 3ہزار کردار سازی کی سوسائٹیاں (سی بی ایس)  قائم کی ہیں۔ترجمان نیب کے مطابق نیب راولپنڈی کے زیراہتمام سیمینار، مضمون نویسی کے مقابلے، پوسٹرز اور پینٹنگز کے جڑواں شہروں چکوال، اٹک، جہلم کی یونیورسٹیوں، کالجوں اور سکولوں کی سطح پر مقابلے منعقد کرائے گئے، جس کا مقصد نوجوانوں میں بدعنوانی کے خلاف آگاہی دینا تھا۔اس کے علاوہ پولیس کالج سہالہ میں انسداد بدعنوانی آگاہی مہم کے سلسلے میں لیکچر کا اہتمام کیا گیا جس میں 350 سے زاید زیر تربیت ایف آئی اے کے سب انسپکٹر شریک ہوئے۔ نیب راولپنڈی کے ڈائریکٹر عبداللہ اعظم نے اس لیکچر کے سلسلے میں منعقدہ پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایماندار افراد ایماندار معاشرے کی قیادت ہوتے ہیں۔ انہوں نے زیرتربیت افسران کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان کے ذمے دار شہری کے طور پر اپنی ذمے داریاں سرانجام دیں۔ڈائریکٹر جنرل نیب عرفان نعیم منگی نے کہا کہ نیب راولپنڈی، چیئرمین نیب کی قیادت میں بدعنوانی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے، بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔