زمینوں پر قبضے کیخلاف ہندوبرادری کا حیدرآباد پریس کلب پر احتجاج

261

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ہندو برادری کے مندر اور دھرم شالہ کی زمینوں پر قبضے کیخلاف ہندو برادری کے افراد نے پریس کلب حیدرآباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ، جس سے ڈاکٹر امرشی ٹھاکر، راجو اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کچھ عناصر ہندو برادری کو اپنی مذہبی رسومات اور عبادات سے روکنے کی کوشش کررہے ہیں اور یہی عناصر حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں مذہبی نفرتیں پیدا کرنا چاہتے ہیں
انہوں نے کہاکہ ہماری خواتین سے بدسلوکی کی جارہی ہے جو قابل مذمت ہے ۔حیدرآباد اسٹیشن روڈ پر واقع شیومندر اور دھرم شالہ جوکہ ایویقیو پراپرٹی ٹرسٹ کی زمین ہے اس پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور وہاں مندر اور عبادت گاہ کو بھی ختم کرنے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے ہندو برادری عدم تحفظ کا شکار ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس سے اپیل کی کہ ہندو برادری کے افراد سے کی جانے والی زیادتیوں کا تدراک کیا جائے اور سندھ میں ہندو برادری کو تحفظ فراہم کیا جائے۔