آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں،فاروق حیدر

171

اسلام آباد(صباح نیوز) آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے ریاست میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت نے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں جن میں ون ونڈو آپریشن بھی شامل ہے۔مشرق وسطی کے ممالک برادر ملک ہیں جن میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔آزادکشمیر میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے متحدہ عرب امارات کی فراخدلانہ امداد کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔وزیر
اعظم نے ان خیالات کا اظہار دبئی کی معروف کاروباری شخصیت سہیل محمد الضرونی سے بات چیت کرتے ہوے کیا جنہوں نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے آزادکشمیر میں سرمایہ کاری راغب کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں جن کا مقصد سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ راغب کرنا ہے۔انہوں نے کہا آزاد کشمیر میں سیاحت ، معدنی وسائل اور ہائیڈرل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں سیاحت کے کے فروغ کے لیے فاسٹ ٹریک حکمت عملی اختیار کہ جا رہی ہے جس کا مقصد پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دینا ہے۔