مقبوضہ کشمیر :بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک نوجوان شہید،بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے

231

سری نگر (کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران اتوار کو ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ نوجوان کو ضلع کے علاقے چڈورہ میں قابض فوج کی طرف سے کی گئی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا گیا۔ قابض حکام نے علاقے میں موبائل فون انٹر نیٹ سروس بھی معطل کردی۔ نوجوان کی شہادت کی اطلاع پر علاقے میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے‘ مظاہرین اور فورسز میں جھڑپیں ہوئیں جس میںمتعدد افراد زخمی ہوگئے۔ جنوبی کشمیر کے نوجوان عبید رشید کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کوٹ بھلوال جیل بھیج دیا گیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی حکمران ایک طرف کشمیر کو حل طلب قرار دیتے ہیں اور دوسری طرف خود کشمیریوں کے اسی مطالبے کو آہنی ہاتھوں سے کچلنے اور دبانے کی پالیسی پر
عمل پیرا ہیں‘ بھارتی عوام کو اپنے حکمرانوں کے قول و فعل میں اس واضح تضاد پر ٹھنڈے دماغ سے سوچنے کی ضرورت ہے۔ سری نگرسے جاری ایک بیان میں علی گیلانی نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کو اپنے پیش رواؤں کے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے کشمیری عوام کے مطالبے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ حریت چیئرمین نے بھارتی حکمرانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انسانی لاشوں اور مصنوعی سرجیکل اسٹرائیک کی بیساکھیوں پر کب تک اقتدارحاصل کیا جا سکتا ہے؟ اس لیے برصغیر کے اس دیرینہ مسئلہ کو پُرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں بصورت دیگر خطہ ایٹمی ٹکراؤ کی وجہ سے تباہی دوچار ہو سکتا ہے۔ حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیری اس وقت تک جدوجہد کرتے رہیں گے جب تک تنازع کشمیر کو ان کی مرضی کے مطابق حل نہیں کیا جاتا۔ میر واعظ نے بھارت پر زور دیا کہ وہ تنازع کشمیر کے حل کے لیے پاکستان اور کشمیری قیادت کے ساتھ ایک بامعنی مذاکراتی عمل کا آغاز کرے۔ میر واعظ عمر فاروق نے سری نگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت سیکڑوں کشمیری کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیلوں میں بند ہیں جن کے ساتھ ظالمانہ برتائو روا رکھا جا رہا ہے۔ انہوںنے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن، عالمی ریڈ کراس، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ایشیا واچ اور انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ جیلوں کا دورہ کر کے نظربندکشمیریوںکی حالت زار کا خود جائزہ لیں۔