شہری کو اغوا کرنے والے ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی

215

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پنجاب چورنگی سے نامعلوم ملزمان کی جانب سے شہری کے اغوا کے بعد تاوان کی وصولی کے دوران تنازع پر فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق گذری کے علاقے پنجاب چورنگی سے ہفتہ کی شام ایک شہری دل جان کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار 2ملزمان نے اغوا کرلیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ،بعد ازاںاس کی رہائی کے لیے 3لاکھ روپے طلب کیے جس پر مغوی نے اپنے دوست پولیس اہلکار سہیل خان سے رابطہ کیا اور تاوان کی رقم کا بندوبست کرنے کی درخواست کی جس پر اہلکار نے تاوان کی رقم جمع کی اور ملزمان کے رابطے پر بتایا کہ رقم جمع ہو گئی ہے جس کے بعد ملزمان نے اہلکار کو رقم سمیت رات گئے ابراہیم حیدری کے علاقے کرسچن قبرستان کے قریب بلالیا ،جہاں پر ملزمان نے اہلکار سے رقم وصول کرنے کے بعد مزید رقم کا تقاضا کردیا اور اسی بات پر ملزمان اور اہلکار میں تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہو گئی اور اسی دوران ملزمان نے اہلکار پر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گئے۔واقعے کی اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر زخمی اہلکار کو جناح اسپتال منتقل کردیا جہاں پر اہلکار نے تمام واقعہ پولیس کو بتایا۔، پولیس کے مطابق زخمی اہلکار 40سالہ سہیل خان ولد گل زمان کورٹ پولیس میں تعینات ہے۔پولیس نے مزید کہا کہ مغوی کو رہا نہیں کیا گیا ہے اور ملزمان رقم بھی لے گئے ہیں ۔پولیس نے مغوی کی تلاش شروع کرتے ہو ئے مزید تفتیش شروع کردی ۔