ایم کیوایم نے وزارت کے لیے کراچی کوفروخت کردیا، پیپلزپارٹی

215

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہاہے کہ یہ حکومت صرف ظالم نہیں ہے بلکہ معاشی دہشت گرد ہے۔اگر عوام کے لیے کوئی آواز اٹھا رہا ہے تو وہ صرف بلاول زرداری ہے۔ایم کیو ایم نے ایک وزارت کی خاطر عوام کا سودا کیا۔ طارق روڈ پر کسٹمز کے چھاپے کی مذمت کرتے ہیں۔مہنگائی کیخلاف مظاہرہ جاری رہے گے اور حکومت کی پالیسیوں کو مسترد کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی ،پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکر ٹری وقار مہدی ، را شد ربانی اوردیگر نے پیپلز پارٹی پی ایس 99 اور 100 کی جانب سے سہراب گوٹھ پر مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نعمان شیخ، اقبال ساند، لالا عبدالرحیم، وقاص شوکت، الیاس گبول، سرور خان غازی، مصباح خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ مظاہرے میں پیپلز پارٹی کارکنان سمیت خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور مظاہرین مسلسل حکومت مخالف نعرے بازی کر رہے تھے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ طارق روڈ پر کسٹمز کے چھاپے کی مذمت کرتا ہوں۔یہ حکومت صرف ظالم نہیں ہے بلکہ معاشی دہشت گرد ہے۔اگر عوام کے لیے آواز کوئی اٹھا رہا ہے تو وہ صرف بلاول بھٹو زرداری ہے۔یہ حکومت اس وزیر خزانہ اور اسٹیٹ بینک کا منیجر بھی آئی ایم ایف کا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جوحکومت قیمتوںکاتعین نہیں کرسکتی تو اس کوجمہوری حکومت نہیںسمجھاجاسکتا،پاکستان کی تاریخ میں اشیا کی قیمتوں میں اتنا اضافہ نہیں ہوا جتنا اب ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بجٹ میں ایم کیو ایم ، پی ٹی آئی ، جی ڈے اے نے ووٹ دیا آپ منتخب ارکان سے پوچھیں کہ وہ عوام کے ساتھ ہیں یا آئی ایم ایف کے؟ان لوگوں سے سوال کیا جائے جن کے سبب مہنگائی کا جن بے قابو ہورہا ہے۔ایم کیو ایم نے ایک وزارت کی خاطر عوام کا سودا کیا۔مہنگائی کیخلاف مظاہرے جاری رہیں گے اور حکومت کی پالیسیوں کو مسترد کرتے رہیں گے۔وقار مہدی نے کہاکہکئی سال سے سونامی کا وایلا کیا جاتا رہا ہے۔11 جون کو سونامی مسلط کی گئی اور اس میں پاکستانی قوم ہی بہہ گئی۔پاکستان کی تاریخ میں اتنا بدترین بجٹ نہیں آیا۔آئی ایم ایف سے ڈیل کر کے پاکستان اور عوام کا سودا کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ بجلی ، گیس، پیٹرول، آٹا ، دال سب کی قیمتیں غریب کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں۔جو بجٹ پیش کیا گیا اس میں غریبوں کے لیے کیا ہے ؟حکومت کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔سندھ حکومت نے کراچی کے لیے بہت کچھ رکھا ہے ۔پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ نے اس شہر کی اور عوام کی خدمت کی اور کرتی رہے گی۔راشد ربانی نے کہاکہ پاکستانی معیشت کوتباہ ہونے دیںگے نہ ہی آئین کو سبوتاژکرنے دیںگے ۔ہم جانتے ہیں پی ٹی آئی کی ڈوریں کہاں سے ہلائی جا رہی ہیں۔