پاک افغان میچ کے دوران پروپیگنڈا بینرز لہرانے پر پاکستان کی توشویش کارروائی کا مطالبہ

362

اسلام آباد/روالپنڈی/ لندن(نمائندہ جسارت +صباح نیوز+آن لائن)پاکستان نے پاک افغان میچ کے دوران جہاز سے پاکستان مخالف بینرز لہرانے اور شائقین میں جھگڑے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اتھارٹیز سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ کے دوران ایک خاص گروہ کی طرف سے پاکستان مخالف بینرز لہرایا، ایسے پروپیگنڈے کے لیے کھیلوں کے میدان استعمال کرناناقابل قبول ہے، معاملے کوسفارتی سطح پر اٹھادیا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ ہم اسپورٹس سے متعلقہ اور قانون نافذ کرنے والی اتھارٹیز سے نوٹس لینے کامطالبہ کرتے ہیں ،ایسا کرنے والے عناصر کو احتساب کے دائر ے میں لایا جائے ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ معاملے کو سفارتی سطح پر اٹھایا گیاہے ، ذمہ داران کو کٹہرے میں لایا جائے ، پاکستان کو شائقین کرکٹ کے درمیان جھگڑے پر بھی تشویش ہے۔علاوہ ازیں ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ کم سیکورٹی پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے شکایت کرتے ہوئے ٹیم کی سیکورٹی بڑھانے کا مطالبہ کردیا۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے پی سی بی کا مطالبہ منظور کرلیا ہے اور اب پاکستانی ٹیم کے ساتھ اضافی پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے جب کہ آئی سی سی نے افغان تماشائیوں کی ہنگامہ آرائی کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام معاملات سے آگاہ ہیں،اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو،ہم اس طرح کے رویے کو برداشت نہیں کرتے اور چند لوگوں کی جانب سے کیے گئے ہنگامے کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ادھر پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ روپ بدل کر کچھ لوگوں نے اسٹیڈیم کے اندر اور باہر جو رویہ اپنایا وہ کھیل نہیں تھا۔انہوں نے اپنے بیان میں کاہ کہ یہ رویہ اپنانے والوں کو کچھ خاص لوگوں کی مدد حاصل تھی جن کے بارے میں ہمیں علم ہے۔