گیس کی نئی قیمتوں کا اطلاق سی این جی 22 روپے فی کلو مہنگی

308

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔جس کے مطابق ماہانہ 50 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت 121روپے فی یونٹ برقرار رکھی گئی جب کہ ماہانہ 100 مکعب میٹر گیس کے استعمال پر فی یونٹ گیس کی قیمت 127روپے سے بڑھا کر 300 روپے کر دی گئی ہے۔ ماہانہ 200 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والوں کے لیے فی یونٹ گیس کی قیمت 264روپے سے بڑھا کر 553 روپے جب کہ ماہانہ 300مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والوں کے لیے فی یونٹ 275روپے سے بڑھا کر 738روپے کی گئی ہے۔اسی طرح ماہانہ 400 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والوں کے لیے فی یونٹ گیس کی قیمت 780 روپے سے بڑھا کر 1107روپے، ماہانہ 400مکعب میٹر گیس سے زائد گیس استعمال پر گیس کی قیمت 1460 روپے برقرار رکھی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کھاد کارخانوں کے لیے بطور فیڈ گیس کی قیمت میں61فیصد جب کہ بجلی کارخانوں، سی این جی اور جنرل انڈسٹری کے لیے تمام شعبوں میں گیس کی قیمت 31 فیصد بڑھائی گئی ۔نوٹیفکیشن کے مطابق سی این جی سیکٹر کے لیے گیس کی قیمت 980 روپے سے بڑھ کر 1283 روپے فی ایم ایم بی ٹی مقرر کردی گئی۔گیس کی قیمتیں بڑھنے سے 19 روپے فی کلو گرام اضافہ ہوگا اور سیلز ٹیکس فارمولے شامل کرکے سی این جی کی قیمتوں پر مجموعی اضافہ 22 روپے فی کلو گرام کیا گیاہے۔