کراچی عوامی مارچ کی جھلکیاں جے آئی یوتھ کے نوجوان ٹریفک کنٹرول کرتے رہے

349

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت سہراب گوٹھ سے مزار قائد عظیم الشان ’’کراچی عوامی مارچ ‘‘ میں جے آئی یوتھ کی جانب سے ایک بڑا کیمپ حسن اسکوائر پر لگایا گیا تھا ۔مارچ کے دوران ٹریفک کنٹرول کرنے اور سیکورٹی کا بھی انتظام کیا گیاتھا جس کے لیے بڑی تعداد میں نوجوانوں کی ڈیوٹی لگائی گئی تھی ۔

مارچ میں برائون اور وائٹ شرٹس میں ملبوس نوجوانوں کی شرکت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت سہراب گوٹھ سے مزار قائد عظیم الشان ’’کراچی عوامی مارچ ‘‘ میں سیکورٹی پر مامور افراد نے براؤن رنگ کی شرٹس پہنی ہوئی تھیں جبکہ جے آئی یوتھ کے شرکا نے سفید رنگ کی شرٹس پہنی ہوئی تھیںجس پر مزار قائد بنا ہوا تھا اور تحریر تھا کہ ’’کراچی کو عزت دو ‘‘۔

قاری منصورنے تلاوت ، قاضی خباب نے نعت ، نعمان شاہ نے ترانہ سنایا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت سہراب گوٹھ سے مزار قائد عظیم الشان ’’کراچی عوامی مارچ ‘‘ کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، تلاوت قاری منصور اخترنے کی، قاضی خباب نے نعت رسول مقبول ؐ کا نذرانہ عقیدت پیش کیاجبکہ نعمان شاہ نے ترانہ سنایا۔

مزار قائد کے پاس تیار کردہ اسٹیج سے قائدین نے اختتامی خطاب کیے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت سہراب گوٹھ سے مزار قائد عظیم الشان ’’کراچی عوامی مارچ ‘‘ کے لیے مزار قائد کے نزدیک نیو ایم اے جناح روڈ پر اسٹیج تیار کیا گیاتھا جس پر قائدین نے اختتامی خطاب کیا۔اسٹیج پر ایک بڑا بورڈ لگایا گیا تھا جس پر تحریر تھا کہ کراچی کو عز دو ، عوام کو حق دو ، مہنگائی ختم کرو، آئی ایم ایف کا بجٹ نا منظور ،کراچی کو بجٹ دو،لوڈ شیڈنگ ختم کرو، کچرے کے ڈھیر ختم کرو۔سیوریج کا نظام درست کرو، کے الیکٹرک کو لگام دو، پینے کو پانی دو،ٹرانسپورٹ کی سہولت دو اور کھیل کے میدان دو۔

متعدد مقامات پر استقبالیہ کیمپوں سے شرکا پر گل پاشی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت سہراب گوٹھ سے مزار قائد عظیم الشان ’’کراچی عوامی مارچ ‘‘ کے روٹ پر متعدد مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے تھے جہاں سے
مارچ کے شرکا کا استقبال کیا گیا اور شر کا پر گل پاشی کی گئی ۔جماعت اسلامی لیاقت آباد کی جانب سے غریب آباد میں مارچ کے شرکا کے لیے شربت کا انتظام کیا گیا اور گل پاشی بھی کی گئی ۔حسن اسکوائر سے پہلے عیسیٰ نگری پر قائم کیمپ پر بھی پینے کا ٹھنڈا پانی موجود تھا اور شرکا پر گل پاشی کی گئی ۔ مارچ کے روٹ پر بڑی تعداد میں بینرز اور جھنڈے بھی لگائے گئے تھے ۔

اسامہ رضی کی امامت میں شرکا نے نماز عصر ادا کی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت سہراب گوٹھ سے مزار قائد عظیم الشان ’’کراچی عوامی مارچ ‘‘ کے آغاز سے قبل شرکا نے یوسف پلازہ کے سامنے شاہراہ ِپاکستان پر عصر کی نماز ادا کی جس کی امامت نائب امیرجماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے کی ۔

معراج الہدیٰ کی اختتامی دعااور ہلکی بارش، موسم خوشگوار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت سہراب گوٹھ سے مزار قائد عظیم الشان ’’کراچی عوامی مارچ ‘‘ کے اختتام پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے دعا کرائی ، اسی دوران ہلکی بارش و پھوار شروع ہوگئی ، جس سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا۔

ریلیوں کی آمد 4 بجے شروع ہو گئی تھی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی ، آئی ایم ایف کی غلامی و ظالمانہ بجٹ اورصوبے اور ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والے شہر کراچی کو اس کے حقوق اور اختیارات کی فراہمی ، بجلی ، پانی ، ٹرانسپورٹ ، سڑکوں کی خستہ حالی اور صفائی ستھرائی سمیت شہریوں کو درپیش بے شمار مسائل کے حل کے لیے شروع کی گئی تحریک ’’کراچی کوعزت دو ، حقوق دو ‘‘ کے سلسلے میں اتوار کو سہراب گوٹھ سے مزار قائد عظیم الشان ’’کراچی عوامی مارچ ‘‘ کا انعقاد کیا گیا ۔ مارچ کے شرکا تمام اضلاع اور علاقوں سے مقامی رہنمائوں اور ذمے داران کی قیادت میں ریلیوں اور جلوسوں کی صورت میں سہراب گوٹھ پہنچے جن کی آمد کا سلسلہ 4بجے سے قبل ہی شروع ہوچکا تھا۔ مارچ میں خواتین ، بچے ، بزرگ ، نوجوان ، طلبہ ، اساتذہ ، علما کرام ، ڈاکٹرز ، انجینئرز ، وکلا ، صحافی ، تاجر اور مزدور و محنت کشوں سمیت مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی ۔شرکا کاروں ، سوزوکیوں ، گاڑیوں ، بسوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔سہراب گوٹھ سے شروع ہونے والا مارچ واٹر پمپ چورنگی ، عائشہ منزل ، کریم آباد ، حسین آباد چورنگی ، غریب آباد ، حسن اسکوائر ، پرانی سبزی منڈی اور جیل چورنگی اور نیو ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا مزار قائد کے قریب ختم ہوا۔ جہاں مرکزی قائدین نے شرکا سے خطاب کیا۔مارچ کے شرکا قومی پرچم ،جماعت اسلامی کے جھنڈے اور مختلف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہوئے تھے۔سینیٹر سراج الحق اور حافظ نعیم الرحمن نے مارچ سے افتتاحی خطاب کیا۔

پینے کے ٹھنڈے پانی کا بڑے پیمانے پر انتظام
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت سہراب گوٹھ سے مزار قائد عظیم الشان ’’کراچی عوامی مارچ ‘‘ کے دوران پینے کے پانی کے لیے متعدد موبائل گاڑیوں پر انتظام کیا گیا تھا ۔ادارہ نورحق کے قریب بھی بڑے پیمانے پر ٹھنڈے پانی کا انتظام کیا گیا تھا۔