حکومت سے اپوزیشن اراکین کے رابطے‘ وفاداری کی تبدیلی پر نااہلی کا خدشہ

295

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی حکومت سے متعدد اپوزیشن اراکین نے رابطے کیے ہیں‘ سیاسی وفاداری تبدیلی کی صورت میں ان کی نااہلی کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کے حکومت سے رابطے کرنے والے ارکان اسمبلی سیاسی وفاداری تبدیل کرنے کی صورت میں آئینی کارروائی کی زد میں آسکتے ہیں‘ جماعتی نظم وضبط کی خلاف ورزی کا بھی نوٹس لیا جاسکتا ہے‘ اپنی نشستوں سے محروم ہوسکتے ہیں‘ آئینی شقوں62، 63 کے تحت نااہل قرار دلوایا جا سکتا ہے۔ پارٹی قائد آئین کے تحت متعلقہ ارکان کے خلاف الیکشن کمیشن کو ریفرنسز ارسال کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔ آئین کے تحت کوئی بھی رکن، اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوکر ہی کسی دوسری جماعت میں شامل ہوسکتا ہے‘ آئین کی اسی آہنی دیوار کا ماضی میں خود پی ٹی آئی کو فائدہ مل چکا ہے اور اس وقت کے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے متعدد ارکان کی ناراضگی کے باوجود ان کے خلاف بغاوت نہ ہوسکی تھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بعـض نجی ٹی وی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ناراض ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی ہے۔