وفاقی حکومت کا11قومی صحت پروگرامز کو بند کرنے کا فیصلہ

250

پشاور(آن لائن) وفاقی حکومت نے یکم جولائی سے 11قومی صحت پروگرامز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اٹھارویں ترمیم کے تحت صحت پروگرام کے بجٹ کی ذمے داری صوبائی حکومتوں پرعاید ہوتی ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارت قومی صحت سمیت 3 وفاقی وزارتوں نے پروگرام کے بجٹ بند کرنے پر عمل درآمد شروع کیا ہے‘ وفاق نے صوبوں کو ہدایات کی ہے کہ قومی صحت پروگرامز کا بجٹ حاصل کرنے کے لیے مشترکہ مفاد ات کونسل سے منظوری حاصل کی جائے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ خیبر پختونخوا سمیت چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور ضم ہونے والے قبائلی اضلاع میں خاندانی منصوبہ بندی و پرائمری ہیلتھ کیئر ، خاندانی منصوبہ بندی پروگرام قبائلی اضلاع ، صوبائی خاندان منصوبہ بندی پروگرام سمیت11 پروگرامز کے لیے وفاق کی جانب سے ہر سال فنڈز صوبوں کو دیا جاتا ہے تاہم اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبے اس حوالے سے خود مختار ہو چکے ہیں وفاق نے صوبوں پر واضح کر دیا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری کے بعد ہی مذکورہ11 پروگرامز کے لیے فنڈ دیا جائے گا ۔