مزید 9 ایم این اے ن لیگ چھوڑنے کو تیار ہیں، شیخ رشید

267

لاہور(صباح نیوز)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ساری اپوزیشن جانتی ہے کہ پاک فوج عمران خان کے شانہ بشانہ ہے،نواز شریف کی گرفت پارٹی پر زیادہ مضبوط ہے تاہم مسلم لیگ(ن)کے 9 ایم این اے پی ٹی آئی میں آ نے کو تیار ہیں جو 20 بھی ہوسکتے ہیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں، ٹیکس دینا شروع کردیں گے، جو کہتے تھے بجٹ پاس نہیں ہوگا بجٹ پاس ہوگیا ہے اور میں تسلیم کرتا ہوں کہ غریب کے لیے مشکلات ہیں، ڈالر جتنا بڑھا ہے اتنا نہیں بڑھنا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ 10 برس میں نواز شریف، شہباز اور زرداری پارٹی نے اس ملک کو لوٹا، یہ الٹے لٹک جائیں گے مگر پیسے نہیں دیں گے ،کسی کو الٹا نہیں لٹکانا چاہیے،پیار،محبت سے پیسے لینے چاہییں،پاکستان کرپٹ مافیا اورمنی لانڈرنگ کرنے والوں کے لیے سیاسی قبرستان بنادیں گے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ہاتھ ہوگیا،یہ سارے لوگ بے وقوف ہیں،جلسہ کررہے ہیں،کوئی آئے یا جائے عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑتا، عمران خان شریف سیاست دان ہے،کبھی توڑپھوڑ نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی گرفت پارٹی پر زیادہ مضبوط ہے ،مرکز میں اس وقت9 ارکان جوگر پہن کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے کو تیار بیٹھے ہیں جو 20 بھی ہوسکتے ہیں، شہباز لیگ اور نواز لیگ الگ الگ پارٹی ہیں، شہباز شریف کی بھتیجی نے (ن) لیگ پر قبضہ کر لیا ، اب میثاق جمہوریت نہیں مذاق جمہوریت بن گیا۔انہوں نے چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کو سیاسی سودے بازی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کو چیئرمین بننا اور بنانا آتا ہے۔