وزیر قانون کے نوٹس معطلی کیخلاف پاکستان بار کا کل ہڑتال کا اعلان

203

کو ئٹہ/ اسلام آباد (نمائندہ جسارت/ صباح نیوز) پاکستان بار کونسل نے جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس کے کے آغا کیخلاف ریفرنس کے تناظر میں کل ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی بی سی کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق 2 جولائی کو جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے جس میں احتجاج سے متعلق آئندہ کی حکمت عملی پر غور ہو گا۔ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین امجد شاہ، کامران مرتضیٰ اور دیگر رہنماؤں نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اٹارنی جنرل کے پاس اختیار نہیں کہ وہ فروغ نسیم کو بھیجے گئے نوٹس کو معطل کریں، وفاقی وزیر قانون اور اٹارنی جنرل سے درخواست ہے کہ ذاتی مقاصد کیلیے عہدوں کا استعمال نہ کریں، جمہوری اداروں کے ساتھ قانونی خلاف ورزیاں قابل مذمت ہیں۔ بار کونسل کے رہنماؤں کا کہنا تھاکہ فروغ نسیم وزیر ہونے کے بعد پریکٹس نہیں کرسکتے، فروغ نسیم 2 کشتیوں کی سواری کرنا چاہتے ہیں جو قابل قبول نہیں۔ وکلا میں کوئی اختلاف نہیں ہے، قاضی فائز کے معاملے پر دونوں بڑے وکلا گروپ متحد ہیں۔