سعودی تیل تنصیبات پر حملے عراق سے کیے گئے‘ امریکی اخبار

333

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) موقر امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حکام تحقیقات کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ رواں برس مئی میں سعودی عرب میں تیل پائپ لائن کے پمپنگ اسٹیشنوں پر حملوں میں عراق کی سرزمین استعمال کی گئی تھی۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ عراق سے اڑائے گئے ڈرون طیاروں کے ذریعے تیل کی صنعت کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ دوسری طرف عراقی حکومت نے اس حوالے سے امریکا سے مزید معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اخبار نے باخبر عہدے داروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ مئی میں سعودی عرب کی تیل پائپ لائن پر حملوں کے لیے جنوبی عراق سے ڈرون طیارے بھیجے گئے۔ عراق سے کی گئی کارروائی سے اشارہ ملتا ہے کہ سعودی تیل پائپ لائن پر حملہ ایرانی حمایت یافتہ ملیشیائوں نے کیا۔خیال رہے کہ مئی میں سعودی عرب کی تیل پائپ لائن پر ڈرون طیاروں کی مدد سے کیے گئے حملوں کے نتیجے میں 2 دن تک تیل کی سپلائی متاثر رہی، جس کے بعد سپلائی بحال کر دی گئی تھی۔یہ حملہ سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں ینبع بندرگاہ کے قریب مشرق سے مغرب میں بچھائی گئی پائپ لائن پر کیا گیا۔