سعودی ولی عہد کی مصر اور انڈونیشیا کے صدور سے ملاقات

263

اوساکا (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے جی 20سربراہ اجلاس کے دوران کئی عالمی رہنماؤ ں سے ملاقاتیں کیں،جن میں مصر اور انڈونیشیا کے صدور شامل ہیں۔ مصری ٹیلی وژن کے مطابق عبدالفتاح سیسی سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے شامی بحران پر توجہ مرکوز رکھی۔ اس دوران خلیج میں پائی جانے والی تازہ کشیدگی پر بھی گفتگو کی گئی۔ دوسری جانب انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی اور سرمایہ کاری پر بات ہوئی۔

جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی
اپنی صحت سے متعلق وضاحت
اوساکا (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہا ہے کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور اچھا محسوس کر رہی ہیں۔ چند روز قبل یوکرائنی صدر کے استقبال کے موقع پر اچانک ان کا جسم کانپنا شروع ہو گیا تھا، جس کے بعد ان کی صحت کے بارے میں چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مرکل کے ساتھ پے درپے 2واقعات پیش آنے کے بعد ان کی صحت کے حوالے سے تشویش ظاہر کی جارہی ہے۔ جمعرات کو برلن ہی میں ایک تقریب کے دوران ان پر کپکپی طاری ہوگئی تھی۔

ٹوئٹر کا قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب
سیاست دانوں کے خلاف کارروائی کا اعلان
سان فرانسسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے سیاست دانوں کے خلاف انوکھی تادیبی کارروائی کا اعلان کیا ہے اور سزا کے طور پر ان کی ٹوئٹس کی ترجیحی ترتیب الٹ کردی جائے گی۔یعنی نمایاں ٹوئٹس کو سب سے نیچے کردیا جائے گا۔ کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ ماضی میں ہم نے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی بعض ٹوئٹس کو رہنے دیا تھا، کیوں کہ وہ عوام کے مفاد میں تھیں۔

امریکا کے ساتھ جوہری ہتھیاروں
میں کمی کا معاہدہ ممکن ہے‘ روسی صدر
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ 2021ء تک امریکا کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کی تخفیف کا نیا معاہدہ ممکن ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا اور روس کے درمیان 10برس پراناجوہری ہتھیاروں میں کمی کا سمجھوتا ’’نیو اسٹارٹ ‘‘2021 ہی میں ختم ہو رہا ہے۔ روسی صدر نے واضح کیا کہ اس حوالے سے اعلیٰ سفارت کاروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ روسی خبررساں ادارے انٹرفیکس کے مطابق پیوٹن نے معاہدہ طے پانے کی حتمی تاریخ بتانے سے گریز کیا۔

برطانوی وزیراعظم اور روسی صدر
کے درمیان ملاقات سرد مہری کا شکار
اوساکا (انٹرنیشنل ڈیسک) جاپان میں جی 20 سربراہ اجلاس کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے درمیان ملاقات میں دونوں رہنماؤں کی جانب سے سردمہری کا مظاہرہ کیا گیا۔ 2016 کے بعد یہ دونوں شخصیات کے درمیان پہلی ملاقات تھی۔ تھر یسامے نے پیوٹن سے ہاتھ ملایا تو برطانوی وزیراعظم کے چہرے پر سرد مہری چھائی ہوئی تھی اور انہوں نے روسی صدر کی جانب دیکھنا تک گوارا نہ کیا۔ مے کا یہ رویہ 4 مارچ 2018 ء کو برطانیہ میں ایک کیمیائی حملہ تھا۔

جی20 اجلاس میں تحفظ ماحول
سے متعلق اہم معاہدے پر اتفاق
اوساکا (انٹرنیشنل ڈیسک) جاپان میں جی 20سربراہ اجلاس کے دوران 20 ممالک کے رہنما تحفظ ماحول کے اہم معاہدے پر متفق ہو گئے۔ 2018ء میں ارجنٹائن میں ہوئی سربراہی کانفرنس میں بھی کئی ممالک نے ایسے ہی معاہدے پر رضا مند ی کا اظہار کیا تھا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اس مرتبہ بھی امریکا نے سمجھوتے کا حصہ بننے سے انکار کر دیا۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہا کہ وہ کوشش کریں گی کہ 2016ء کے پیرس ماحولیاتی معاہدے پر عمل کے لیے تمام رکن ممالک اپنی کوششوں کا اعادہ کریں۔