ورلڈ کپ، بھارتی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف اگلے میچ میں نئی کٹ کے ساتھ میدان میں اترے گی

277

لندن (وائس آف ایشیا)آئی سی سی ورلڈکپ 2019 میں بھارتی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف اگلے میچ میں نئی کٹ کے ساتھ میدان میں اترے گی۔بھارتی کرکٹ ٹیم کی سرکاری ا اسپانسرکٹ نے جرسی کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا چونکہ میزبان ٹیم انگلینڈ کی جرسی کا رنگ بھی نیلا ہے جس کی وجہ سے جرسی کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔ آج بھارتی ٹیم برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں پہلی مرتبہ نئی جرسی پہن کرکھیلے گی۔جرسی بنانے والی کمپنی کے مطابق اوے کٹ یا نئی جرسی کا ڈیزائن نوجوانوں اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے جوش اور عزم سے متاثر ہو کررکھا گیا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ایسا پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم اپنی روایتی آسمانی رنگ کی جرسی کے بغیر نئی جرسی پہن کر کھیلے گی، جرسی کا رنگ پہلے کے مقابلے زیادہ گہرا ہے اور اس میں نارنجی رنگ بھی موجود ہے۔نئی کٹ کو جدید تقاضوں کے عین مطابق بنایا گیا ہے جبکہ اس میں موجود سویٹ زون پسینے کو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ جرسی کو بے حد ہلکا پھلکا رکھا گیا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو سانس لینے میں بھی آسانی ہو۔ایم ایس دھونی، ویرات کوہلی اور دیگر بھارتی کرکٹرز کی جانب سے نئی جرسی پہن کر تصاویر سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کی گئیں۔