ٹنڈو محمد خان بلدیہ کا اجلاس، مختلف قرار دادیں کثرت رائے سے منظور

210

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) ضلع کونسل کا اجلاس، ممبران کی بڑی تعداد میں شرکت، مختلف قرار دادیں کثرت رائے سے منظور کرلی گئیں، ضلع کی تمام یونین کونسلوں میں برابری کی بنیاد پر کام کیے جائیں گے، ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین شیر امین لاکھو کا ضلع کونسل اجلاس سے خطاب۔ ضلع کونسل ٹنڈو محمد خان کا ایک اجلاس کمپلیس ہال میں ہوا جس کی صدارت ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین شیر امین لاکھو نے کی۔ اجلاس میں ضلع کونسل ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع ٹنڈو محمد خان میں قائم مویشی منڈیوں سے ضلع کونسل کو ٹیکس کی وصولی، مختلف ٹیکسوں کا نفاذ، مچھر مار اسپرے کروائے جانے، ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز کی فراہمی سمیت دیگر قرار داریں کثرت رائے سے منظور کی گئیں۔ اجلاس میں ممبران کو اجلاس میں شرکت کے لیے ٹی اے ڈی اے الائونس دیے جانے اور اقلیتی علاقوں میں ترقیاتی کام کروائے جانے کی قرار دادیں پیش کی گئیں جنہیں کثرت رائے سے منظور کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع وائس چیئرمین شیر امین لاکھو نے کہا کہ ضلع ٹنڈو محمد خان کی تمام یونین کونسلوں میں برابری کی بنیاد پر ترقیاتی کام کروائے جائیں گے اور اقلیتی برادری سمیت کسی کو بھی نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ ضلع کونسل کے رکن پیر اشفاق جان سرھندی نے اجلاس کئی ماہ کی تاخیر سے بلوائے جانے پر احتجاجی طور پر اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔