لاہور (نمائندہ جسارت) تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام پاکستان میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت کی روک تھام اور 295c کے تحفظ کے لیے مرکز صراط مستقیم جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں عظیم الشان ’’حقوقِ مصطفیﷺ‘‘ کانفرس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ و تحریک صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ امریکا کا آزدی مذہب اور آزادی اظہار کا ایجنڈا قرآن سے متصادم ہے، پاکستان میں اس کی کوئی گنجائش نہیں۔ اپنے مفادات کے لحاظ سے تو یورپ کے ہاں آزاد اظہار کی حدود و قیود ہیں مگر مسلمانوں کے مقدسات کے لحاظ سے امریکا آزادی کا شور مچا رہا ہے، یہ اس کا دوہرا معیار ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کا مذہبی معاملات کے لحاظ سے ڈومور کا مطالبہ پاکستان کے عوام کے مقدس جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ پاکستان میں چالیس سے زائد توہین رسالت کے مجرم جنہیں سزا سنائی جاچکی ہے ان کی رہائی کا مطالبہ پاکستان کی عدالتوں پہ عدم اعتماد کا اظہار ہے۔ پاکستان میں کسی کو توہین رسالت کی چھٹی نہیں دی جاسکتی۔ المیہ یہ ہے کہ امریکی رپورٹ کو اپنے ملک میں مداخلت قرار دیتے ہوئے بھارت اور چین نے اس رپورٹ کو مسترد کردیا ہے۔ مگر ریاست مدینہ کے دعویدار اتنے اہم ایشو پر ابھی تک خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی 295c کو ختم کرنے کی حسرت کبھی پوری نہیں ہوگی۔ حکمران یہ بات یاد رکھیں پاکستانی عوام حد درجے کی مہنگائی تو برداشت کرلیں گے مگر ناموس رسالت پر حملہ برداشت نہیں کریں گے۔