ہوشربا مہنگائی پر وزیراعظم خود نوٹس لیں ،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

259

لاہور (نمائندہ جسارت) مرکزی علما کونسل کے چیئرمین اور انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف کی شرائط پر چلانے کا منصوبہ غریب عوام کا گلہ دبانے کی اور پاکستان کو عدم استحکام میں دھکیلنے کی ایک عالمی سازش ہے۔ بے تحاشا مہنگائی پر وزیر اعظم خود نوٹس لیں ۔ٹیکس دینے والوں کو رعایات دی جائیں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کنٹرول کرنے کیلیے ذخیرہ اندوزی کیخلاف خصوصی مہم شروع کی جائے۔ سرکاری اداروں،محکموں اور عوام کے درمیان روابط کے فقدان کو ختم کیا جائے۔تمام متعلقہ سٹیک ہولڈر ٹیبل پر بیٹھ کرملک میں معاشی استحکام لانے کیلیے حکمت عملی تیار کریں۔ ملک میں مہنگائی کا طوفان دن بہ دن بڑھ رہا ہے۔یوٹیلٹی سٹورز سمیت چینی کی قیمتوں میں اضافہ، روپے کی قدر میں مزید کمی،سونا مہنگا،ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت سے ملک میں اس وقت بے یقینی کی کیفیت پیدا ہوچکی ہے۔ عوام کی قوت خرید کم ہورہی ہے۔ پاکستان کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے رہے ہیں۔ حکومت آئی ایم ایف کی امنگوں کے مطابق چلنے کے بجائے پاکستان کے مفاد میں فیصلے کرے۔مرکزی جامع مسجد گول فیصل آباد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روپیہ سنبھل نہیں رہا ، ڈالر کا بڑھنا اور سونے کی قیمتوں میں اضافہ اور پاکستان کی اسٹاک ایکسچینج میں مندی کی وجہ سے ایک بہت بڑے بحران کی کیفیت سے گزررہے ہیں۔ معاشی مشکل حالات سے نکلنے کیلیے قومی وحدت کا ہونا بے حد ضروری ہے ۔معیشت کی بہتری کیلیے عوام اور حکومت کے درمیان مشاورت بے حد ضرور ی ہے۔ معاشی خودمختاری تب ممکن ہوگی جب پاکستان کی عوام او ر حکومت ایک پیج پر ہوں گے۔پاکستان کی مسلح افواج نے ڈیفنس بجٹ میں اس مرتبہ اضافہ نہ لیکر اقتصادی محاذ میں بھی اپنا حصہ ڈالا ہے چونکہ معیشت اور بارڈروں کا تحفظ کا بڑا گہرا تعلق ہے۔حکومت کو ہر اقدام سے قبل مسائل کے حل کیلیے فریقین کواعتمادمیں لے۔حکومت پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہ کرے ۔پہلے ہی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے عوام پریشان ہے مزید اس کے اندر اضافہ نہ کیا جائے۔