بھائی کو عدالت میں پیش کرکے گرفتاری ظاہر کی جائے، غلام رسول بلوچ

238

ڈگری (نمائندہ جسارت) بلوچ کالونی سے سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار نوجوان عارف ولد رستم بلوچ کو اپنے ساتھ گاڑی میں بٹھا کر لے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ سادہ کپڑوں میں آنے والے اہلکار ایک پراڈو، ایک ڈبل ڈور اور دو پولیس موبائل گاڑیوں میں تھے۔ نوجوان کے بھائی غلام رسول بلوچ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ گھر پر نامعلوم پولیس اہلکار آئے اور میرے بھائی عارف کو اپنے ساتھ لے گئے جبکہ سادہ کپڑوں میں آنے والے اہلکاروں کے ہمراہ ایس ایچ او ڈگری بھی موجود تھے۔ غلام رسول بلوچ کے مطابق صرف اتنا پتا چلا کہ میرے بھائی نے جو موبائل خریدا تھا وہ چوری کا بتایا جارہا ہے جبکہ میرا بھائی کسی بھی جرائم میں ملوث نہیں، نہ ہی کسی تھانے میں بھائی کا کوئی کرمنل ریکارڈ اور نہ ہی اس کا کسی سیاسی یا لسانی تنظیم سے کوئی تعلق ہے۔ وہ گوادر میں لانچوں پر کام کرتا تھا۔ شادی کراچی میں کی ہے، جبکہ کوئی اولاد بھی نہیں ہے۔ بھائی کے اچانک اس طرح نامعلوم اہلکاروں کے لے جانے پر والدہ پر غشی کے دورے پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر میرا بھائی کسی مقدمے میں پولیس کومطلوب ہے تو ہمیں آگاہ کیا جائے۔ یا پھر عدالت میں پیش کرکے گرفتاری ظاہر کی جائے۔ تاہم نوجوان کی گرفتاری کی بابت ڈگری پولیس نے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب ڈگری کے قریب موٹر سائیکل سوار سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا کر شدید زخمی۔ ڈگری ٹنڈو جان محمد روڈ پر بائی پاس ہوٹل کے قریب موٹر سائیکل سوار صوفی آباد کا رہائشی فرید ولد فیروز دین آرائیں کھڑے ٹرک سے ٹکرا کر شدید زخمی ہوگیا، جسے شدید زخمی حالت میں تعلقہ اسپتال ڈگری پہنچایا گیا۔ جہاں اسے ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت کے پیش نظر حیدر آباد ریفر کردیا گیا۔