شہر کے مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، شہری پریشان

257

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) شہرقائد کے مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی، کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ نے مشکلات میں اضافہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے باعث نظام زندگی بھی متاثر ہے، جبکہ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔کراچی کے علاقے بوستان رضا ریلوے سوسائٹی ماڈل کالونی اور کورنگی کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔کورنگی نمبر2، ڈھائی، 3 اور 4نمبر میں بجلی غائب ہے، جبکہ کورنگی نمبر 5ایریا36سی میں بھی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ ہوگیا ہے۔کراچی کے علاقے لانڈھی زمان آباد، 36بی ایریا اور اورنگی کے مختلف علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ کی یہی صورت حال ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے الیکٹرک کے ترجمان نے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر جاری بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ایس ایس جی سی کی جانب سے گیس پریشر میں کمی سے کچھ پلانٹس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے کچھ جگہوں پر جزوی طور پر لوڈ مینجمنٹ ہو رہی ہے۔تاہم ایس ایس جی سی اور وفاقی وزیر توانائی نے کے الیکٹرک کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ کے ای کو طلب سے زیادہ گیس فراہم کی جا رہی ہے۔