افغانستان :طالبان کے حملے میں حکومت حامی گروہ کے 30 اراکین ہلاک

237

کابل(صباح نیوز)افغانستان میں طالبان نے ایک گائوں پر حملہ کرکے حکومت کے حمایت یافتہ مسلح گروہ کے30ارکان کو قتل کردیا اور اسلحہ لوٹ کر فرار ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان نے صوبے بغلان کے ضلع نہرن کے ایک گائوں پر حملہ کردیا،حکومت کے حمایت یافتہ گروہ اور طالبان کے درمیان 6 گھنٹے تک گھمسان کی جنگ جاری رہی جس کے نتیجے میں حکومتی حمایت یافتہ مسلح گروہ کے30ارکان مارے گئے۔حکومتی حمایت یافتہ مسلح گروہ طالبان کے خلاف افغان سیکورٹی فورسز کی مدد اور معاونت کے لیے تشکیل دیا گیا ہے جس نے اب تک افغان فوج کے ساتھ طالبان کے خلاف کئی کامیاب آپریشن میں حصہ لیا ہے۔اس گروہ میں افغان قبائل کے سردار بھی شامل ہیں ۔افغان حکومت کی جانب سے طالبان حملے میں حکومتی یافتہ گروہ کے ارکان کے قتل پر کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیاہے۔دوسری جانب طالبان ترجمان نے اس کارروائی کو اہم کامیابی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ مارے گئے مسلح گروہ کے ارکان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی ملاہے ۔