بھارت کی ریاستی دہشتگردی جاری، مزید 2 کشمیریوں کو شہید کردیا

82

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق ضلع اننت ناگ (اسلام آباد) میں قابض بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا اور گھر گھر تلاشی لی گئی۔

بھارتی فورسز نے آپریشن کے دوران بلااشتعال فائرنگ کرکے ایک کشمیری نوجوان کو دہشت گرد قرار دے کر شہید کردیا۔ نوجوان کی شناخت عادل رحمان کے نام سے ہوئی۔

دوسری جانب ضلع کلگام میں بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ مقامی لوگ کچرا کنڈی میں کچرا جلارہے تھے کہ اس دوران وہاں موجود بم دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں جانی نقصان پیش آیا۔

جاں بحق کشمیری شخص کی شناخت نذیر احمد بٹ کے نام سے ہوئی جبکہ دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔