اے پی سی این آراو کیلیے تھی،مولانا استعمال ہورہے ہیں،شیخ رشید

115

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی الگ الگ مسلم لیگیں ہیں، عوام انہیں پہچان چکے ہیں، تحریک چلانے کا طریقہ کار اپوزیشن کو پتا ہی نہیں، سب این آرو کے گملے میں اکٹھے ہورہے ہیں۔ وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں اپنے چمبر میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس تحریک چلانے کے اجزائے ترکیبی ہی نہیں ہے، نظر تو یہ ہی آ رہا ہے کہ مولانا فضل رحمن کے ساتھ سارے اپنے اپنے ذاتی مفادات کی خاطر ہاتھ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن کی ضمانت ہو گئی ، دوسری جانب آصف علی زرداری نیب کی حراست میں نائن اسٹار ہوٹل میں رہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ2 بڑی جماعتوں کی سیاست ختم ہوکر رہ گئی ، آئندہ چند دنوں میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے پا جائے گا اور دوست ممالک سے بھی مدد مل جائے گی، دسمبر تک عمران خان ملک کو مسائل سے نکال لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری اور شہباز سمجھ رہے ہیں کہ مولانا فضل الرحمن اسٹریٹ پاور نکال لیں گے، ان کے پاس بھی اتنے بندے ہوں گے جتنے بلاول کے جلسوں میں آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیشن میں بڑے بڑے کیسز آئیں گے، پاناما لیکس کے لوگ پیسے لگا کر تماشا کرنا چاہتے ہیں لیکن عوام اب ان کا تماشا نہیں بنیں گے۔