ورلڈکپ ،پاکستان نے ناقابل شکست نیوزی لینڈ کو ڈھیر کردیا،6 وکٹوں سے شاندار فتح

87

برمنگھم ( مانیٹرنگ ڈیسک) کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلیے ایک اور رکاوٹ عبور کرلی۔ ایونٹ کے اہم میچ میں گرین شرٹس نے اب تک کی ناقابل شکست بلیک کیپس کی جیت کے سلسلے کو بریک لگا کر فائنل 4 کی جانب ایک اور قدم بڑھا دیا۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اننگ کا آغاز مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے کیا تاہم صرف 5 کے مجموعی اسکور پر محمد عامر نے مارٹن گپٹل کو آؤٹ کردیا جبکہ کچھ ہی دیر بعد شاہین آفریدی نے کولن منرو کو بھی پویلین کی راہ دکھادی۔ شاہین آفریدی نے چوتھے نمبر پر آنے والے راس ٹیلر کو بھی صرف 3 رنز پر آؤٹ کردیا اور اس کے بعد ٹام لیتھم کی وکٹ بھی حاصل کرلی۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے پاکستانی بولرز کے خلاف مزاحمت کی کوشش کی اور 41 رنز بنائے تاہم وہ شاداب خان کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بعد ازاں جیمز نیشان اور کولن گرینڈ ہوم نے محتاط انداز میں ذمے دارنہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا جس کے سبب نیوزی لینڈ کی ٹیم 200 سے زاید اسکور کرنے میں کامیاب رہی۔ دونوں آل راؤنڈرز نے نہ صرف اپنی نصف سنچریاں اسکور کیں بلکہ جیمز نیشان نے کیریئر کی بہترین اننگز بھی کھیلی اور وہ 97 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ گرینڈ ہوم 64 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 جبکہ محمد عامر اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کے 238 رنز کے جواب میں بابر اعظم اور حارث سہیل نے 126 رنز کی قیمتی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا، تیسرے اوور میں 19 رنز پر فخرزمان کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ 44 کے مجموعے پر امام الحق بھی چلتے وکٹ گنوا بیٹھے وہ 19 رنزہی بنا سکے۔ حفیظ اور بابر اعظم نے 66 رنز کی پاٹنرشپ قائم کرکے مجموعے کو 110 تک پہنچایا، محمد حفیظ 32 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ چوتھی وکٹ پر بابر اعظم اور حارث سہیل نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 126 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو جیت کے قریب پہنچایا جبکہ سرفراز احمد نے وننگ شاٹ کھیلا۔ واضح رہے کہ سرفراز کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم نے پہلی بار نیوزی لینڈ کو شکست دی ہے۔ پاکستانی ٹیم کا اگلا ٹاکرا اب تک مسلسل شکست سے دوچار افغانستان سے ہوگا۔