ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی، وزیراعظم کا الیکشن کمیشن میں جواب

149

تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد سے ملاقات کرکے وزیراعظم عمران خان کیخلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں جواب داخل کرادیا۔

تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ این اے 205 شہید بینظیر آباد کے ریجنل الیکشن کمشنر نے 19 جون 2019 کو وزیراعظم کو اظہار وجوہ کا نوٹس بھجوایا، نوٹس میں وزیراعظم سے انکے دورہ گھوٹکی پر وضاحت مانگی گئی ہے، قانون پر کاربند رہنے والے ایک مہذب اور اصولی رہنما کیطرح وزیراعظم نے ضابطہ اخلاق کی کسی بھی شق کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔

ڈاکٹر بابر اعوان نے کہاکہ ریکارڈ پر ہے کہ وزیراعظم کی کابینہ کے رکن جناب علی محمد مہر دارِ فانی سے کوچ کرگئے، وزیراعظم علی محمد مہر مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کیلئے گھوٹکی تشریف لے گئے، تحریک انصاف قانون کے مکمل احترام پر یقین رکھتی ہے، وزیراعظم نے گھوٹکی میں قیام کے دوران کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ لیا نہ ہی میڈیا سے مخاطب ہوئے۔

انھوں نے کہاکہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی شق 17-B صدر، وزیراعظم، کابینہ کے اراکین اور اراکین پارلیمان کی ضمنی انتخاب کے دوران انتخابی سرگرمیوں میں شمولیت پر قدغن عائد کرتی ہے، وزیراعظم پاکستان نے کسی بھی انتخابی سرگرمی میں حصہ نہیں لیا، مذکورہ شق کسی طور بھی تعزیت سے نہیں روکتی،وزیراعظم کیخلاف یکسر بے بنیاد، جھوٹی اور من گھڑت درخواست داخل کرکے سنسنی پھیلانے اور توجہ حاصل کرنے کی ناکام کوشش کی گئی،

 ڈاکٹر بابر اعوان نے کہاکہ وزیراعظم کیخلاف جھوٹا اور بے بنیاد بیان داخل کرنے پر مزکورہ شخص کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا مکمل اختیار رکھتے ہیں، الیکشن کمیشن 19 جون کا نوٹس واپس لے اور درخواست گزار کی درخواست و بیان حلفی کی نقول فراہم کرے۔