مولانا فضل الرحمان نے اجتماعی استعفے دینے کی تجویز دیدی

270

حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے بلائی گئی کُل جماعتی کانفرنس اسلام آباد میں جاری ہے۔

اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر جاری اے پی سی میں شہباز شریف، یوسف رضا گیلانی، اسفند یار ولی، پشونخوا ملی عوامی پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنما شریک ہیں۔

اے پی سی کے دوران مولانا فضل الرحمان نے شرکا کو تجویز دی کہ موجودہ حکومت عوامی نمائندگی نہیں کر رہی، شرکاء اجتماعی استعفے دیں اور 25 جولائی کو یوم سیاہ منایا جائے۔

اے پی سی میں شرکت سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں شہباز شریف کی قیادت میں متحدہ اپوزیشن کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے  اے پی سی میں بلاول بھٹو اور شہباز کی شرکت کا فیصلہ کیا۔اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اے پی سی میں سربراہوں سمیت وفد شریک ہوں گے۔