پاکستان کھیلوں کیلئے سازگار ملک ہے، ٹور ڈی خنجراب سے مقابلوں کو پذیرائی ملے گی،محمد زمان

55

گلگت (جسارت نیوز) افغانستان کے سائیکلسٹ محمد زمان نے کہا ہے کہ پاکستان کھیلوں کیلئے سازگار ملک ہے اور دیگر ٹیموں کو بھی یہاں پر آنا چاہیے، ٹور ڈی خنجراب سے پاکستان میں عالمی مقابلوں کو پذیرائی ملے گی۔ سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا خوبصورت ملک ہے جہاں پر اس میگا ایونٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کیلئے سفر کو خوب انجوائے کیا اور یہاں کے لوگ خوب مہمان نواز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم اس ایونٹ کو انجوائے کر رہی ہے۔ افغانی سائیکلسٹ نے کہا کہ پچھلے سال بھی ہماری ٹیم نے اس ایونٹ میں حصہ لیا تھا اور اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد ٹور ڈی خنجراب میں سری لنکا کی ٹیم بھی پہلی مرتبہ شرکت کر رہی ہے اور امید ہے آنے والے ایونٹ میں زیادہ سے زیادہ غیر ملکی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کے انعقاد سے عالمی سطح پر مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کیلئے کئے گئے انتظامات سے وہ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن اور گلگت حکومت سے خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا خوبصورت ملک ہے اور گلگت سے خنجراب تک علاقہ بہت خوبصورت ہے اور یہاں پر سیاح سیر و تفریخ کیلئے آتے ہیں اور یہاں کی خوبصورتی اور قدرتی مناظر سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی اس موسم سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
مقبول آرائیں کو عالمی تھروبال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد
اسلام آباد (جسارت نیوز)اسلام آباد تھروبال بال ایسوسی ایشن کے صدر رانا تنویر احمد اور جنرل سیکرٹری معین الدین نے پاکستان تھروبال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مقبول آرائیں کو عالمی تھروبال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مقبول آرائیں دنیا میں تھروبال کی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کریں گے۔